امریکی کارروائی میں کیوبا اور وینزویلا کے سینئر فوجی افسران ہلاک

0

کراکس :وینزویلا اور کیوبا نے امریکی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے فوجی اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک نے گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی حملے میں مجموعی طور پر 55 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوبا کی حکومت نے 32 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو کراکس میں فوجی کارروائی کے دوران مارے گئے۔ الجریدہ کے مطابق کیوبا ڈیبیٹ میں شائع ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 21 اہلکار وزارت داخلہ سے تعلق رکھتے تھے، جن میں تین اعلیٰ افسران شامل تھے، دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل۔ باقی ہلاک ہونے والے اہلکار انقلابی مسلح افواج کے رکن تھے، جن میں اکثریت فوجیوں پر مشتمل تھی۔

دوسری جانب وینزویلا کی فوج نے بھی امریکی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اپنے 23 فوجی اہلکاروں کے ناموں کی فہرست شائع کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں 5 ایڈمرل، مختلف رینک کے 16 سارجنٹس اور 2 فوجی شامل ہیں۔

الجریدہ کے مطابق ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ وینزویلا میں ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں زیادہ تر کراکس میں صدر نکولس مادورو کے کمپاؤنڈ کے اطراف شدید فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران ہوئیں۔

دوسری جانب کیوبا اور وینزویلا کی حکومتوں نے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اپنی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، تاہم امریکی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.