وزیراعظم کا بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا دورہ، خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہار تعزیت، فاتحہ خوانی
اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام درج کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحب بصیرت رہنما اور ایک نامور سیاسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کردی۔
بیگم خالدہ ضیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی مخلص دوست و خیر خواہ کے طور پر یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ایک لازوال اور متاثر کن میراث چھوڑی ہے۔

پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیا کے اہل خانہ، ان کی پارٹی کے کارکنان اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
