پنجاب میں دل کے علاج کے لیے انٹراویسکولر سرجری کی جدید تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور: پنجاب حکومت نے دل کے مریضوں کے علاج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انٹراویسکولر سرجری کی جدید ترین تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبے کے ڈاکٹروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
بریفنگ کے مطابق انٹراویسکولر سرجری روایتی اوپن سرجری کا جدید متبادل ہے، جس میں خون کی نالی میں ایک چھوٹے سوراخ کے ذریعے انجیوپلاسٹی، اسٹینٹ اور ابلیشن جیسے علاج کیے جاتے ہیں۔ یہ طریقہ زیادہ محفوظ اور کم تکلیف دہ قرار دیا گیا ہے۔
چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں کو اس جدید تکنیک کی تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں امراضِ قلب کے جدید طریقۂ علاج متعارف کرانے کے عملی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر نعیم طاہر خیلی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں رخسانہ فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیمی خدمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے جدید خدمات حاصل کرنے اور انٹراویسکولر سرجری کے لیے جدید طبی آلات کی خریداری کے اقدامات کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے رخسانہ فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو سراہا۔
