کراچی: سچل پولیس کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ، دو ملزمان گرفتار
کراچی:کراچی کے علاقے سچل میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں ایک زخمی بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو قابو میں لیا۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نور اللہ اور شریف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول بمعہ ایمونیشن، چرس، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔برآمد شدہ اسلحہ اور سامان کو تحویل میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
