وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر زور
رحیم یار خان:وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ زاید پیلس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر و ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، مشیر خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ بھائی چارے والے تعلقات کو ایک مضبوط، اسٹریٹجک اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ کر کے اسے مطلوبہ سطح تک پہنچانے کے لیے فعال اقدامات کرنے ہوں گے۔ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، کان کنی اور دفاعی تعاون سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید کی بصیرت اور متحرک قیادت کے تحت یو اے ای کی شاندار ترقی پر اظہارِ تحسین کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے یو اے ای کی میزبانی اور تعاون پر صدر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا، جن کی تعداد تقریباً 2.1 ملین ہے اور جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مختلف عالمی و علاقائی موضوعات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ یہ ملاقات پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قیادت کی سطح پر رواں سال ہونے والے وسیع نوعیت کے تبادلوں کا اختتام تھی۔
اس سے قبل رحیم یار خان ائیر پورٹ آمد پر آر پی او ڈیرہ غازی خان ریجن اور ڈی پی او نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ایئرپورٹ اور گرد و نواح میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔ وفد میں اعلیٰ سرکاری حکام بھی شامل ہیں۔
