یو اے ای کے صدر کا پہلا سرکاری دورۂ پاکستان، تجارت اور علاقائی استحکام پر بات چیت متوقع
اسلام آباد:متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج 26 دسمبر کو اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں وزرا اور سینیئر حکام شامل ہوں گے۔ یہ ان کا صدر بننے کے بعد پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
یو اے ای کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ دونوں ممالک خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی غور کریں گے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
Sheikh Mohamed bin Zayed Al Nahyan, President of UAE, arrives in Pakistan for first official visit to strengthen brotherly ties and discuss trade, investment, energy, and regional cooperation#UAEVisit #SheikhMohamedBinZayed #PakistanUAE #BilateralRelations #TradeAndInvestment… pic.twitter.com/EypMp9NIty
— Pakistan TV (@PakTVGlobal) December 24, 2025
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں یو اے ای کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعبی سے ملاقات کی تھی، جس میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا تھا۔پاکستان متحدہ عرب امارات کو اپنے قریبی اقتصادی اور علاقائی شراکت داروں میں شمار کرتا ہے۔ چین اور امریکا کے بعد یو اے ای پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
گزشتہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے طے پا چکے ہیں۔ جنوری 2024 میں پاکستان اور یو اے ای نے ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
یو اے ای گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران پاکستان میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکا ہے، جس سے دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
