این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دیں گے، مراد علی شاہ کا اعلان

0

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی خودمختاری کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کراچی میں طلبہ کی حاضری مانیٹر کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ “سندھ کے اسکولوں میں حاضری کا نیا سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے، اب ہمیں معلوم ہوگا کہ بچے کہاں جا رہے ہیں اور کس طرح سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔”

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ “اس نظام کو جلد صوبے کے کالجز اور جامعات میں بھی نافذ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حاضری کو جدید اور شفاف انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔”

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم سے متعلق وفاقی سطح پر جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “ہم 18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دیں گے، اس میں صوبوں کے حقوق اور عوامی مفاد سے جڑی بہت سی اہم چیزیں شامل ہیں۔”

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ “این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوتی ہے، اسے تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔”انہوں نے زور دیا کہ وفاق اور صوبے مل کر ترقی کے لیے کام کریں، مگر آئینی اختیارات پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.