وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی، بلاول بھٹو زرداری

0

کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پیپلزپارٹی سے باضابطہ حمایت کی درخواست کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے صدر آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے پیپلزپارٹی کی قیادت سے درخواست کی۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور ججز کے تبادلوں سے متعلق شقیں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں صوبوں کے حصے کے تحفظ کو ختم کرنے کی تجویز بھی ترمیم کا حصہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ترامیم میں آرٹیکل 243 میں تبدیلی، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کو وفاق کے ماتحت لانے کی شقیں بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تقرری کے عمل میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے بھی ترمیمی تجویز پیش کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی قطر سے واپسی پر پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس 6 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جس میں 27ویں آئینی ترمیم اور مجموعی سیاسی صورتحال پر پارٹی پالیسی طے کی جائے گی۔

سی ای سی اجلاس طلب

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 6 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی میں طلب کرلیا ہے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، مجوزہ آئینی ترامیم اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.