آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی: پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت کی پیش کش ن لیگ نے مسترد کر دی

0

اسلام آباد:آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان رابطوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تاہم مسلم لیگ (ن) نے شکریہ کے ساتھ یہ پیش کش مسترد کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے طے کیا کہ وہ حکومت میں شامل ہونے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ ن لیگ نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ پاور شیئرنگ کا حصہ نہیں بنے گی، چاہے مقررہ مدت سے پہلے انتخابات کی یقین دہانی ہی کیوں نہ کرائی جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی قیادت کا مؤقف دو ٹوک ہے کہ حکومت میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے۔ پارٹی چاہتی ہے کہ آزاد کشمیر میں مقررہ مدت سے پہلے نئے انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کو نیا اور فریش مینڈیٹ مل سکے۔

ن لیگ نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی وزارت عظمیٰ کے لیے جس بھی امیدوار کو نامزد کرے، اسے ان کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ن لیگ کے مطابق وزارتِ عظمیٰ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ہے اور عدم اعتماد کی تحریک میں وہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ وزارت عظمیٰ کے لیے پیپلز پارٹی میں سے کسی خاص امیدوار کو ترجیح نہیں دی گئی، تمام امیدوار برابر ہیں۔ذرائع  ن لیگ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم نامزد کرنا ان کا اندرونی معاملہ ہے۔

ن لیگ نے یہ بھی کہا کہ موجودہ اسمبلی اپنا وقار کھو چکی ہے اور اب عوام فریش مینڈیٹ کی خواہاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.