آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی: مسلم لیگ ن کا تحریک عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان

0

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے معاملات پر قائم کردہ کمیٹی کے ارکان رانا ثنااللہ، احسن اقبال اور امیر مقام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے اور عوامی نمائندگی کے تقاضے پورے نہیں کر پا رہی۔

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، تاہم تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد شفاف اور منصفانہ انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو نیا مینڈیٹ دیا جا سکے۔

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے۔ ہم سیاسی استحکام اور عوامی مفاد کی سیاست کے خواہاں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں مکمل اتفاق رائے ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کے فیصلے پر قائم ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس کے لیے مطلوبہ عددی اکثریت بھی حاصل  ہے۔تاہم مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے حکومت میں شامل ہوئے بغیر تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مقامی قیادت نے اعلان کیا تھا کہ وہ کسی بھی تبدیلی کے عمل کا حصہ نہیں بنے گی اور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، تاہم اب مرکزی قیادت کی سطح پر پالیسی میں واضح تبدیلی سامنے آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.