طالبان سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا دریائے کنڑ پر ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم
کابل :افغانستان میں برسراقتدار طالبان رجیم کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے وزارتِ توانائی کو دریائے کنڑ پر جلد از جلد ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے حکم دیا ہے کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں اور اس حوالے سے غیر ملکی کمپنیوں کے انتظار میں وقت ضائع نہ کیا جائے۔
پانی و توانائی کے وزیر ملا عبداللطیف منصور نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کو اپنے پانی کے ذخائر کا انتظام خود کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ یہ اقدام نہ صرف افغانستان کے قدرتی وسائل کے تحفظ بلکہ خود انحصاری کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔
دریائے کنڑ شمالی پاکستان کے ضلع چترال سے نکلتا ہے اور تقریباً 482 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد دریائے کابل میں شامل ہو کر دوبارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوتا ہے۔ اس دریا پر ڈیم کی تعمیر کے منصوبے پر ماضی میں بھی پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس کے اثرات پاکستان کے دریائی نظام اور پانی کی تقسیم پر پڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے ردِعمل میں کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے پر عالمی قوانین اور بین الاقوامی آبی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرے گا۔ ترجمان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ افغانستان بھی خطے میں آبی وسائل کے منصفانہ اور پائیدار استعمال کے اصولوں کا احترام کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اعتماد کو فروغ مل سکے۔
