یورپی یونین کا یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے کا اعلان، امداد اگلے دو برس تک جاری رکھنے کا عزم
برسلز: یورپی یونین نے یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ دو برس تک امداد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ فیصلہ یورپی رہنماؤں کے اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں یوکرین کی جنگ سے متاثرہ معیشت کو سہارا دینے کے لیے مزید مالی وسائل فراہم کرنے پر اتفاق ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ یوکرین کو دفاع، بحالی اور معیشت کی استحکام کے لیے مسلسل مالی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ روسی جارحیت کے اثرات کا مقابلہ کر سکے۔
صدرِ یورپی کونسل انتونیو کوسٹا نے اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ “یورپی یونین یوکرین کے ساتھ ہے، اور ہم اُس کی دفاعی ضروریات کے لیے وسائل فراہم کرتے رہیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ مالی امداد کی تفصیلات اور طریقہ کار پر حتمی فیصلہ دسمبر میں کیا جائے گا۔
یورپی یونین کے اس اعلان کا یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام یورپ کی یوکرین کے ساتھ یکجہتی اور مستقل حمایت کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ امداد ہماری معیشت کو سہارا دینے اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔”
تجزیہ کاروں کے مطابق یورپی یونین کا یہ فیصلہ روس،یوکرین جنگ کے طویل ہونے کے خدشات کے باوجود کییف کے لیے سیاسی و مالی حمایت کے تسلسل کی علامت ہے۔
