ترک صدر طیب اردوان کا امریکہ سمیت عالمی طاقتوں سے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ

0

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔

ایک بیان میں صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہےاور اس مقصد کے لیے عالمی سطح پر رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ غزہ جنگ بندی کی نگرانی کے لیے قائم “غزہ ٹاسک فورس” کی ہر ممکن مدد اور تعاون کے لیے تیار ہے۔

صدر اردوان نے واضح کیا کہ حماس جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کر رہی ہے، تاہم اسرائیل بارہا اس معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع بڑھ رہا ہے اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری، خصوصاً امریکا، کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل پر مؤثر دباؤ نہ ڈالا گیا تو جنگ بندی معاہدہ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

رجب طیب اردوان  نے کہا کہ  ترکیہ خطے میں امن کے لیے سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی جاری رکھے گا۔ترک صدر نے عالمی ضمیر سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.