ہنگو میں دو دھماکے،:چیک پوسٹ تباہ ،ایس پی آ پریشنز اور 2 اہلکار شہید، صدر مملکت آصف زرداری کی شدید مذمت

0

ہنگو: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ملک کے امن و استحکام کا دشمن قرار دیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے غلمیناکے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر جائے وقوعہ جا رہے تھے تو درابن کے مقام پر ان کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں ایس پی اسد زبیر اور دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔ شہداء اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہنگومنتقل کر دیا گیا ، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں بھارت کی پشت پناہی یافتہ "فتنۂ خوارج” کے دہشت گردوں کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابلِ برداشت ہیں۔

صدر مملکت  نے شہید ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔

صدرِ مملکت نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.