متعدد ممالک غزہ کے لیے بین الاقوامی فورس میں شامل ہونے کو تیار، امریکی وزیر خارجہ کا انکشاف
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ کئی ممالک نے غزہ میں تعینات کی جانے والی بین الاقوامی فورس میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق اس فورس کا مقصد غزہ میں امن و استحکام کی بحالی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مربوط بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے انضمام کا اقدام غزہ معاہدے کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی درخواست پر برطانوی فوجیوں کو غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے اسرائیل میں تعینات کر دیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق، برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈر اور محدود تعداد میں اہلکار اس مشن کا حصہ ہیں، جنہیں امریکا کی خصوصی درخواست پر بھیجا گیا۔
اس سے قبل امریکی سینٹ کام (CENTCOM) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے واضح کیا تھا کہ غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے روانہ ہونے والے 200 فوجیوں میں کوئی امریکی اہلکار شامل نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں ممکنہ تعیناتی کا مقصد سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد، امدادی قافلوں کی حفاظت، اور بین الاقوامی نگرانوں کے ساتھ رابطہ کاری کو یقینی بنانا ہے۔
