وزیراعظم شہباز شریف کا صنعتوں اور کسانوں کے لیے خصوصی توانائی پیکج کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں اور کسانوں کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم سے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملکی معیشت کی بحالی اور پیداوار بڑھانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آئندہ تین سال تک صنعتی اور زرعی شعبے کواضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ رعایتی پیکج نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک نافذالعمل رہے گا۔
وزیراعظم نے وضاحت کی کہ صنعتی شعبے کو اس وقت 34 روپے فی یونٹ اور زرعی شعبے کو 38 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی مل رہی ہے، تاہم روشن معیشت پیکج کے تحت اضافی یونٹس رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس پیکج کا بوجھ گھریلو صارفین یا دیگر شعبوں پر نہیں ڈالا جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ گزشتہ برس سردیوں میں دیے گئے پیکج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جس سے صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ “اگر صنعت اور زراعت کے شعبے ترقی کریں گے تو ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات ملے گی، مضبوط معیشت ہی خود انحصاری کی ضمانت ہے۔”
