وزیراعلیٰ کے پی کا استعفیٰ تاحال منظور نہ ہوا، گنڈاپور کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا پلان تیار

0

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے استعفے کا معاملہ 48 گھنٹوں سے زائد گزرنے کے باوجود حل نہ ہو سکا اور یہ ایک نیا سیاسی معمہ بن گیا ہے۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ گورنر کو بھجوا چکے ہیں، لہٰذا اس حوالے سے “ڈرامے بازی” بند ہونی چاہیے۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ تاحال وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ان کے پرنسپل سیکرٹری تک نہیں پہنچا۔ گورنر نے مؤقف اپنایا کہ جب استعفیٰ موصول ہوگا، تو اس کا جائزہ لے کر آئینی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

قانونی ماہرین کے مطابق گورنر استعفے پر ہاتھ سے لکھے نہ ہونے کا اعتراض اٹھا سکتے ہیں، جو اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔

ادھر اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں چھٹی کے باوجود تمام عملہ آج بھی موجود ہے، اور امکان ہے کہ سہ پہر 3 بجے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی تیاری بھی مکمل کر لی ہے۔ اگر گورنر کی جانب سے استعفے پر دستخط نہ کیے گئے تو تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق علی امین گنڈا پور کے استعفے کا معاملہ صوبے میں نئی سیاسی ہلچل کا باعث بن گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹے اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.