اورکزئی میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن، 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی: پاک فوج نے اورکزئی ضلع میں 7 اکتوبر کے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کے خون کا بدلہ لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مستند انٹیلی جنس اطلاعات پر جمال مایا کے علاقے میں کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کے حمایت یافتہ تمام 30 خوارج ہلاک کر دئیے گئے۔
ترجمان کے مطابق یہ دہشتگرد 7 اکتوبر کے اس بھیانک واقعے میں ملوث تھے، جس میں پاک فوج کے بہادر افسران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیاب راحت سمیت دیگر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائیوں کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم باقی ماندہ دہشتگرد کو تلاش کر کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
