پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر اتفاق
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات کو معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے نئے شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قریبی اشتراکِ عمل پر بھی اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی مسائل کے حل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری انسانی المیے کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرے۔
