شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ فلم کرنے کے لیے عامر خان نے شرط رکھ دی
شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کو بالی ووڈ کے تین بڑے سپر اسٹارز مانا جاتا ہے۔ مداح پچھلے 30 سالوں سے اس انتظار میں ہیں کہ کیا کبھی یہ تینوں ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آئیں گے۔
شاہ رخ کے بیٹے آریان خان نے اپنی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی ویب سیریز ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ میں تینوں کو اکٹھا ضرور کیا، لیکن اس ہفتے نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والے اس طنزیہ ایکشن کامیڈی شو میں تینوں نے اسکرین اسپیس شیئر نہیں کی۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ وہ تینوں ایک ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں اگر ایک اچھی اسکرپٹ آتی ہے۔ ایک پوڈکاسٹ ’گیم چینجرز‘ میں بات کرتے ہوئے ’دنگل‘ اسٹار عامر خان نے کہا کہ سلمان اور شاہ رخ پہلے ساتھ کام کر چکے ہیں، سلمان اور میں بھی ساتھ کام کر چکے ہیں، لیکن ہم تینوں نے ایک ساتھ کبھی کام نہیں کیا۔ لیکن میرا خیال ہے کہ ہم اب اس کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہیں۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی اچھی کہانی آئے، جس میں تینوں کے لیے اچھے کردار ہوں، اور وہ تینوں کو پسند آئے، تو ہم یقیناً اس میں کام کریں گے۔ اس کے علاوہ اور کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تینوں کا ایک ہی اسکرپٹ پر متفق ہونا ممکن ہے، تو عامر نے کہا اس کا امکان 50-50 ہے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کا مزید کہنا تھا کہ اگر تینوں خانز ایک ساتھ میں کام کرتے ہیں تو اس پر ناظرین کی توقعات بہت زیادہ ہوں گی۔ عامر نے کہا یہ ایک جذباتی بات ہے جسے ہم تینوں شاہ رخ، سلمان اور میں سمجھتے ہیں۔ ہم تینوں ناظرین کے جذبات کی قدر کریں گے۔
