امریکی گلوکار اہلیہ اور بیٹی سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک
مشہور امریکی گلوکار بریٹ جیمز اہلیہ اور بیٹی سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ 18ستمبر کے روز گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار بریٹ جیمز اپنی اہلیہ اور 28 سالہ بیٹی کے ہمراہ نجی طیارے میں سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نجی طیارے نے امریکی شہر نیش ول کے جان سی ٹیون ائیرپورٹ سے پرواز بھری تاہم 3 بجے کے قریب شمالی کیرولائنا کے علاقے فرینکلن میں واقع سکول کے قریب کھیت میں گرکر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں بریٹ جیمز، ان کی اہلیہ اور بیٹی سمیت تینوں افراد ہلاک ہوگئے تاہم سکول کے کسی طالب علم کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی خبر سامنے نہیں آئی۔ حادثے کا شکار طیارہ بریٹ جیمز کے نام پر رجسٹرڈ پر تھا تاہم حادثے کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
57 سالہ بریٹ جیمز نے90 کی دہائی میں ایک سولو البم ریلیز کیا تھا تاہم بریٹ پردے کے پیچھے سیکڑوں گانیں لکھنے اور گانے کے سبب مداحوں میں زیادہ مشہور تھے۔ان کی شاندار خدمات کی بدولت انہیں 2 مرتبہ گریمی ایوارڈ سے بھی نوازاجاچکا ہے۔
