پاک چین دوستی آنے والے وقتوں میں مزید مستحکم ہوگی: صدر مملکت آصف زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ شراکت داری باہمی احترام اور تعاون پر استوار ہے اور دونوں ممالک آئندہ سال اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منانے جا رہے ہیں۔ یہ دوستی آنے والے وقتوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
صدر مملکت نے یہ بات چینگڈو میں دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کے دوران کہی، جہاں چین کی اعلیٰ قیادت، فنکار، ثقافتی نمائندے اور بین الاقوامی مندوبین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
آصف علی زرداری نے اس دوستی کو سٹریٹجک تعلقات کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر قائم گہرے رشتوں کا مظہر قرار دیا۔ پاکستان ثقافتی تبادلوں کے فروغ، تخلیقی صنعتوں کی مضبوطی اور افہام و تفہیم و برداشت کے کلچر کو بڑھانے کے لیے چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ ان کے بقول ثقافت امن، خوشحالی اور مشترکہ انسانی مستقبل کے لیے ایک مضبوط پل ہے۔
صدر زرداری نے ایوارڈ جیتنے والے فنکاروں اور تخلیق کاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تخلیقی کاوشیں سرحدوں کو پار کر کے مشترکہ انسانی اقدار کے ذریعے دنیا کو جوڑتی ہیں۔انہوں نے صوبہ سیچوان کی حکومت، چائنا فیڈریشن آف لٹریری اینڈ آرٹ سرکلز اور دیگر منتظمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
صدر مملکت نے اپنے خطاب میں چین کے ’تہذیبی تبادلے اور باہمی سیکھنے‘ کے وژن کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو، گلوبل سکیورٹی انیشیٹو اور گلوبل گورننس انیشیٹو کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق یہ اقدامات پائیدار ترقی، علاقائی امن اور عالمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ گلوبل گورننس انیشیٹو تہذیبوں کے تنوع، ثقافتی مساوات اور مکالمے کو فروغ دے کر تہذیبوں کے تصادم جیسے بیانیے کا توڑ کرتا ہے۔
President Asif Ali Zardari addressed the 2nd Golden Panda Awards International Culture Forum in Chengdu, stressing the power of art and culture in uniting people, strengthening Pakistan-China friendship and promoting a shared future for humanity. pic.twitter.com/7UastUwrAw
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 13, 2025
صدر زرداری نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کو تصادم کے بجائے تعاون اور مشترکہ کامیابی کا راستہ دکھایا ہے۔اس موقع پر صدر آصف زرداری سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے پولیٹیکل بیورو اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے وزیر لی شو لی نے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔
ان کے مطابق صدر زرداری اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے مضبوط بھائی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو آج بارود کی نہیں بلکہ کتابوں کی خوشبو کی ضرورت ہے، اور پاکستان چین دوستی آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
