وزیر اعظم شہباز شریف کا دورۂ قطر طے، مسلم عرب ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرینگے
اسلام آباد (قیوم بخاری ) وزیراعظم میاں شہباز شریف 15 ستمبر کو قطر میں منعقد ہونے والے مسلم عرب ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قطر پر اسرائیلی حملوں کے بعد خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرنے پر غور ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل بھی قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک روزہ دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور عرب و مسلم ممالک کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی قطر پر اسرائیلی حملے کو خطے کی سلامتی کے لیے تشویشناک قرار دے چکا ہے۔
