لندن: پاکستان ہائی کمشنر سے بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی کے سربراہ کی ملاقات
لندن :برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر سے نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے کنوینر ناہید اسلام نے ہائی کمیشن میں ملاقات کی۔
ناہید اسلام کے ہمراہ علاؤالدین محمد (جوائنٹ ممبر سیکرٹری و ڈپٹی سیکرٹری انٹرنیشنل سیل) اور ایس ایم سوزا الدین (جوائنٹ ممبر سیکرٹری و رکن انٹرنیشنل سیل) بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔
ناہید اسلام شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے میں طلبہ تحریک کے قائد تھے۔ 26 سالہ ناہید اسلام ڈھاکا یونیورسٹی میں سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طالبعلم ہیں۔ اور وہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ناہید اسلام نے شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف آواز اٹھائی تو انہیں دہشتگرد قرار دے دیا گیا تھا۔
ناہید اسلام سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف طلبا تحریک کے کوآرڈینیٹر تھے، جو شیخ حسینہ واجد کو اقتدار سے بے دخل کرنے میں تبدیل ہوگئی۔ناہید اسلام حکومت مخالف اس تحریک کے دوران اس وقت زیادہ مشہور ہوگئے جب گزشتہ ماہ انہیں ڈھاکا یونیورسٹی کے کچھ دیگر دوستوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔
ناہید اسلام 1998 میں ڈھاکا میں پیدا ہوئے اور شادی شدہ ہیں، ان کا ایک چھوٹا بھائی بھی ہے، جس کا نام نقیب ہے، جبکہ ان کے والد استاد اور والدہ گھریلو خاتون ہیں۔
حسینہ واجد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد قائم ہونے والی عبوری حکومت میں ناہید اسلام مشیر اطلاعات و نشریات مقرر ہوئے تاہم امسال فروری نے انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دیدیا جس کے بعد ناہید اسلام نے نئی سیاسی پارٹی ’ نیشنل سٹیزن پارٹی‘ کے سربراہ بن گئے۔
