ایرانی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ، 6 افغان جاں بحق، متعدد زخمی

0

ایران افغانستان سرحد پر افغان تارکین وطن پر ایرانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے سیدھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افغان جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔

ہیومن رائٹس آرگنائزیشن حال وش کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 افغان تارکینِ وطن ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب افغان شہری غیر قانونی طور پر ایران کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

فائرنگ صوبہ سیستان میں اُس وقت ہوئی جب تقریباً 120 افغان شہری سرحد عبور کرنے کی کوشش میں تھے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی فورسز نے براہِ راست فائرنگ کی جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

زخمیوں میں احسان اللہ تاجک، نصر اللہ بارکزاہی، حزب اللہ بارکزاہی، وائی بارکزاہی اور  بشیر احمد بارکزاہی شامل ہیں۔کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد ایرانی سکیورٹی فورسز نے تقریباً 40 افغان تارکینِ وطن کو حراست میں لے لیا۔واقعے کے حوالے سے تاحال نہ ایرانی حکام اور نہ ہی افغان حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق، ایران میں سرحد پار کرنے والے افغان شہری اکثر ایسے ہی خطرات سے دوچار ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ایرانی سرحدی علاقوں میں 300 سے زائد افغان تارکین وطن پر فائرنگ کی گئی تھی، جس میں متعدد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔

 یہ واقعہ ایران افغانستان سرحد پر جاری انسانی بحران کی ایک اور مثال ہے، جہاں غربت، بے روزگاری اور جنگ سے بھاگنے والے افغان شہری بہتر مستقبل کی تلاش میں جان کی بازی لگا دیتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.