بڑی تبدیلی :بھارت نے ایرانی تیل کی ادائیگیاں چینی یوآن میں شروع کر دیں
نئی دہلی:بھارتی آئل ریفائنریز نے ایرانی تیل کی ادائیگیاں چینی یوآن میں کرنا شروع کر دی ہیں، جو امریکی پابندیوں کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بھارت کی ریفائنریز امریکی پابندیوں میں دی گئی عارضی رعایت کے تحت خریدے گئے ایرانی تیل کی ادائیگیاں ممبئی میں قائم آئی سی آئی سی آئی بینک کے ذریعے چینی یوآن میں کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ امریکا نے روسی اور ایرانی تیل کی خریداری کے لیے 30 روزہ رعایت دی تھی تاکہ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ایران پر طویل عرصے سے عائد پابندیوں کے باعث ادائیگیوں کے روایتی طریقہ کار میں مشکلات رہی ہیں، جس کی وجہ سے کئی خریدار ایرانی تیل خریدنے سے گریزاں تھے۔ تاہم اب یوآن میں ادائیگی کا طریقہ سامنے آنے سے نئی راہیں کھلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بھارت کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے رواں ماہ کے آغاز میں تقریباً 20 کروڑ ڈالر مالیت کا لگ بھگ 20 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل خریدا، جو سات سال بعد ایران سے پہلی باضابطہ خریداری ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی شعبے کی بڑی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے لیے ایرانی تیل لے جانے والے چار جہازوں کو بھی بھارت میں لنگر انداز ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ریفائنریز ادائیگیوں کے لیے آئی سی آئی سی آئی بینک کی شنگھائی برانچ استعمال کر رہی ہیں، جہاں سے چینی یوآن میں رقم فروخت کنندگان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے، تاہم ان فروخت کنندگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
