امریکہ ایران مذاکرات: جنگ بندی میں توسیع اور ابتدائی ڈیل کا امکان
تہران:ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اہم اختلافات اب بھی برقرار ہیں، تاہم آنے والے دنوں میں جنگ بندی میں توسیع سمیت ایک ابتدائی معاہدہ طے پانے کا امکان موجود ہے۔
عہدیدار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بنیادی تنازعہ جوہری پروگرام اور سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت سے متعلق ہے، جس پر اب بھی تفصیلی بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ ابتدائی ڈیل سے نہ صرف مذاکراتی عمل آگے بڑھے گا بلکہ پابندیوں کے خاتمے اور جنگی نقصانات کے معاوضے جیسے معاملات پر بات چیت کے لیے بھی راستہ کھل سکتا ہے۔
ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ اگر ایران کے مطالبات تسلیم کیے جاتے ہیں تو تہران دنیا کو اپنے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کا یقین دلانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی اور کھلاؤ کو جنگ بندی کی شرائط اور ان پر عملدرآمد سے مشروط کیا گیا ہے، جس سے خطے کی صورتحال براہ راست جڑی ہوئی ہے۔
