امریکہ ایران مذاکرات :فیلڈ مارشل عاصم منیراعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے
تہران :پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت فیلڈ مارشل عاصم منیر کر رہے ہیں، ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے تناظر میں تہران پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔
تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عبا س عراقچی نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران اہم سفارتی امور اور مذاکرات کی بحالی پر بات چیت کی جائے گی۔
قطری نشریاتی ادارے الجریرہ اور دیگر بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور ایران پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں متوقع ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔
دورے کی اہمیت
تہران میں یہ دورہ براہِ راست رابطوں اور اعتماد سازی کی کوششوں کا حصہ ہے۔اس کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔پاکستان پہلے بھی جنگ بندی اور بات چیت کے آغاز میں اہم کردار ادا کر چکا ہے۔



