وزیراعظم شہباز شریف جدہ پہنچ گئے، پرتپاک استقبال
جدہ :وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنے دورۂ سعودی عرب پر جدہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر مکہ ریجن کے نائب گورنر سعود بن مشعال ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے اہم دوطرفہ ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعاون کے فروغ، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
