جل بینڈ کے گانے کی مقبولیت سرحد پار بھی چھا گئی، بالی وڈ ستارے بھی مداح نکلے
سنجے دت نے ہٹ گانا ’عادت‘ اپنی فلم کیلئے مانگا تھا، گوہر ممتاز کا انکشاف
کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ سپر اسٹار سنجے دت نے مشہور گانا عادت اپنی فلم کیلئے مانگا تھا۔
ایک پوڈکاسٹ گفتگو میں گوہر ممتاز نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے بینڈ جل بینڈ کے ساتھ ممبئی میں نیا البم لانچ کرنے جا رہے تھے۔ ان کے مطابق منیجر نے انہیں اطلاع دی کہ سنجے دت کی جانب سے کال آئی ہے اور وہ گانا عادت اپنی فلم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبر سن کر وہ حیران رہ گئے، تاہم بعد میں یہ گانا ایک فلم میں شامل ہونے کے باعث سنجے دت کی فلم کا حصہ نہ بن سکا۔
گوہر ممتاز کے مطابق ممبئی میں ایک ملاقات کے دوران سنجے دت نے بتایا کہ انہیں یہ گانا پاکستان سے کسی جاننے والے کے ذریعے ملا تھا، جس کے بعد یہ ان کی محفلوں اور گاڑی میں اکثر سنا جاتا تھا۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ سلمان خان، جیکی شروف اور انیل کپور بھی اس گانے کو پسند کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں پاکستانی فنکاروں کو بین الاقوامی پہچان کیلئے بالی وڈ کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ڈیجیٹل پلیٹ فارمز خصوصاً YouTube نے نئے فنکاروں کیلئے کامیابی کے دروازے کھول دیے ہیں۔
