انجلی راگھو نے پون سنگھ کے خلاف کیس واپس لے لیا، قانونی کارروائی ٹیم کے افراد کے خلاف جاری
ممبئی: بھارتی اداکارہ انجلی راگھو نے گلوکار پون سنگھ کے خلاف "نامناسب انداز سے چھونے” کے کیس کو واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم کیس مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق انجلی راگھو 2 اپریل کو فرید آباد میں ہریانہ اسٹیٹ ویمنز کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور واضح کیا کہ وہ پون سنگھ کے خلاف کیس آگے نہیں بڑھانا چاہتی۔ یہ فیصلہ پون سنگھ کی سوشل میڈیا پر عوامی معافی کے بعد سامنے آیا، جس کے بعد کمیشن نے پون سنگھ کا نام شکایت سے خارج کر دیا۔
تاہم اداکارہ نے اپنے بیان میں پون سنگھ کی سوشل میڈیا ٹیم کے بعض افراد پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو غلط انداز میں آن لائن شیئر کیا گیا، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی اور ذاتی نمبر و تصاویر نامناسب ویب سائٹس پر پھیلائی گئیں، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت ہوئی۔ انہوں نے ٹیم کے تین افراد کے نام بھی لیے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
حکام نے متعلقہ افراد کو جواب جمع کروانے کی ہدایت دی ہے، جبکہ کیس کی اگلی سماعت 6 اپریل کو پنچکولہ میں مقرر کی گئی ہے، جہاں نامزد افراد کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب لکھنؤ میں ایک عوامی تقریب کے دوران اسٹیج پر پون سنگھ نے انجلی راگھو کو نامناسب انداز سے چھوا، جس کی ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں۔ اداکارہ نے اس موقع پر مؤقف اختیار کیا کہ بغیر اجازت کسی کا چھونا ناقابل قبول ہے۔فی الحال کیس دیگر نامزد افراد کے خلاف زیرِ سماعت ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
