جنگ ایران کے جوہری پروگرام کا حل نہیں، سفارتکاری ہی واحد راستہ ہے: میکرون
پیرس/سیول: فرانس کے صدر میکرون نے کہا ہے کہ جنگ ایران کے جوہری پروگرام کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی اور اس کے لیے سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔
جنوبی کوریا کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میکرون نے ایران اور آبنائے ہرمز سے متعلق تازہ صورتحال پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ اگر سفارتی اور تکنیکی مذاکرات کے لیے کوئی واضح فریم ورک موجود نہ ہوا تو آنے والے مہینوں یا سالوں میں صورتحال دوبارہ بگڑ سکتی ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے کسی ممکنہ فوجی کارروائی کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائی نہ صرف وقت طلب ہوگی بلکہ اس میں سنگین سکیورٹی خطرات بھی لاحق ہوں گے۔
میکرون کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ساحلی خطرات، بیلسٹک میزائلوں اور دیگر دفاعی صلاحیتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ ایران کے پاس اس حوالے سے خاطر خواہ وسائل موجود ہیں۔
