چینی سفیر ، فضل الرحمن ملاقات، سی پیک  سمیت اہم امور پر گفتگو

0

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس اقدام کو عالمی قوانین اور ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔

فریقین نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے پرامن ذرائع اختیار کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فوری جنگ بندی نہ ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ یورپ اور عالمی معیشت بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

گفتگو میں سی پیک اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے بھی ہم آہنگی کا اظہار کیا گیا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہر مشکل وقت میں مضبوط رہی ہے اور باہمی تعاون سے خطے کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں ماضی میں بھی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ چین سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات کے اختتام پر مولانا فضل الرحمن کی جانب سے چینی سفیر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.