ریشم کے خلاف بیان پر تنازع، مشی خان کا دیدار کو سخت جواب

0

اسلام آباد:پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے اداکارہ ریشم کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ان کے خلاف دیے گئے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

مشی خان نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ دیدار کی جانب سے ایک پروگرام میں ریشم پر عائد کیے گئے الزامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ دیدار نے مذکورہ پروگرام میں ریشم پر کئی زندگیاں تباہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ آج کل بعض ٹی وی شوز میں ریٹنگ کے حصول کے لیے جان بوجھ کر ایسا مواد پیش کیا جاتا ہے جس میں فنکاروں کی تضحیک کی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی پر سنگین الزامات لگائے جائیں تو ان کے ساتھ ٹھوس شواہد بھی پیش کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پروگرام میں ریشم کے بارے میں منفی باتیں کی گئیں اور یہاں تک کہا گیا کہ انہوں نے لوگوں کی زندگیاں متاثر کیں، جو ایک غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل ہے۔

مشی خان نے مزید کہا کہ ریشم نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں، خصوصاً ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کرنا ان کا قابلِ تعریف عمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مثبت کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے نہ کہ انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دوسروں کے ماضی پر بات کرنے سے پہلے ہر شخص کو اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے کیونکہ کوئی بھی مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریشم ایک اچھی انسان ہیں اور ان کے خلاف اس نوعیت کی گفتگو مناسب نہیں۔

مشی خان کے مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے، جہاں کئی افراد اسے لائیو شوز میں کردار کشی کے بڑھتے رجحان کے خلاف ایک مثبت آواز قرار دے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.