یورپی کونسل کے صدر کا وزیراعظم کو ٹیلیفون، پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف، جنگ بندی پر زور

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ٹیلیفون کیا، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پاکستان و یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں کشیدہ صورتحال اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انتونیو کوسٹا نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ ان کا برسلز کا دورہ مؤخر ہوگیا تھا۔یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کا برسلز میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کریں گے۔وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب اپنے بیان میں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم سے تعمیری ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں ایران سے متعلق صورتحال اور مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی کونسل کو ایران جنگ کے عالمی اثرات پر شدید تشویش ہے اور پاکستان کی امن کوششوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف مکالمہ اور سفارت کاری ہی مشرقِ وسطیٰ میں اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے ساتھ پائیدار امن اور استحکام لا سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.