صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کی اہم ملاقات، سیاسی، سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی مشاورت
اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے ملک کو درپیش معاشی، توانائی اور سکیورٹی چیلنجز پر مشاورت کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر قومی سطح پر مربوط حکمتِ عملی اپنانے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ایوانِ صدر میں ایک اہم اجلاس آج متوقع ہے، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اہم وفاقی وزرا شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا، خصوصاً ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور اس کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ خلیجی ممالک پر حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیرِ بحث آئے گی، جبکہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار شرکا کو چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک میں موجود پٹرولیم ذخائر اور ترسیلی نظام کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کفایت شعاری پالیسی اور اس پر عملدرآمد پر بھی غور ہوگا۔ ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر ہنگامی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ صوبوں کی تجاویز کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔مزید برآں، موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سبسڈی فراہم کرنے سے متعلق بھی اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
