رحیم یار خان:بی آئی ایس پی سنٹر کی چھت گر گئی، 9 خواتین جاں بحق

0

رحیم یار خان: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان  میں ایک افسوسناک واقعے میں  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد لینے آئی کم از کم 9 خواتین دکان کی چھت گرنے سے جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق حادثہ تحصیل کے علاقے تبہ 123 پی میں پیش آیا جہاں متعدد خواتین مالی امداد وصول کرنے کے لیے ایک نجی ادائیگی مقام پر جمع تھیں۔ اسی دوران اچانک دکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود خواتین ملبے تلے دب گئیں۔

ضلعی کنٹرول روم کے مطابق ملبے سے نکالی گئی زخمی خواتین میں سے ایک خاتون دورانِ علاج دم توڑ گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 20 سے زائد افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپا نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے  شیخ زید ہسپتال  میں ایمرجنسی نافذ کر دی جبکہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب صدر مملکت  آصف علی زرداری  نے رحیم یار خان میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق خواتین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

صدر مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے روبینہ خالد  کو فوری طور پر رحیم یار خان پہنچنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔

صدر پاکستان نے حکام کو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے جس کے تحت مستحق خواتین کو مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں نجی ادائیگی مراکز اور کیمپوں کے ذریعے خواتین کو امدادی رقوم دی جاتی ہیں، تاہم بعض مقامات پر انتظامی مسائل اور رش کے باعث ایسے حادثات کے خدشات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.