قونصل جنرل دبئی کی پاکستانی کمیونٹی سے آن لائن ملاقات، موجودہ صورتحال میں حکومتی اقدامات پر بریفنگ
دبئی(نور حسن ) قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمد نے قونصل خانے کے افسران کے ہمراہ دبئی اور شمالی امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ ایک آن لائن ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔
ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے شرکاء کو وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایات کے تحت پاکستان کے سفارت خانہ ابوظہبی اور قونصل خانہ جنرل پاکستان دبئی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کمیونٹی اور ٹرانزٹ میں موجود پاکستانیوں کی مدد کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جہاں 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائنز بھی دستیاب ہیں۔
حسین محمد نے موجودہ صورتحال میں رہائشیوں اور سیاحوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکام کی مسلسل کاوشوں کو سراہا، بالخصوص ٹرانزٹ مسافروں اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ افواہوں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور صرف متحدہ عرب امارات کی سرکاری حکام کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ قونصل جنرل نے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ میزبان ملک کے قوانین اور ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہم وطنوں کے درمیان مقامی قوانین کے مطابق سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے آگاہی پھیلانے میں فعال کردار ادا کرے۔

قونصل جنرل نے موجودہ صورتحال میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور سوشل سینٹر شارجہ کی جانب سے ٹرانزٹ مسافروں اور سیاحوں کے لیے مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے اعلان کو سراہا۔
ملاقات میں شریک کمیونٹی کے اراکین نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مشکل صورتحال میں کمیونٹی سے رابطہ قائم کیا اور مشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ شرکاء نے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
