سعودی وزارتِ داخلہ کا سکیورٹی اہلکاروں کے لیے قرآنِ کریم حفظ مقابلے کا اعلان
ریاض :سعودی وزارتِ داخلہ نے وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اور ملازمین کے لیے شہزادہ نایف بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے نام سے قرآنِ کریم حفظ مقابلے کے پہلے ایڈیشن کا اعلان کردیا۔
وزارت کے مطابق مقابلہ اتوار سے شروع ہوگا جس کا مقصد سکیورٹی اداروں کے منسوبین میں قرآنِ کریم کے حفظ اور درست تلاوت کو فروغ دینا ہے۔ مقابلے کی مجموعی انعامی رقم 30 لاکھ ریال رکھی گئی ہے جو پانچ شعبوں میں تقسیم کی جائے گی۔
پہلا شعبہ مکمل قرآنِ کریم کے حفظ کے لیے ہے جس کے انعامات 12 لاکھ ریال ہیں، دوسرا شعبہ 15 پاروں کے حفظ کے لیے 8 لاکھ ریال، تیسرا شعبہ 10 پاروں کے لیے 5 لاکھ ریال، چوتھا شعبہ 5 پاروں کے لیے 3 لاکھ ریال جبکہ پانچواں شعبہ 2 پاروں کے حفظ کے لیے 2 لاکھ ریال پر مشتمل ہے۔
مقابلے میں وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی اداروں کے افسران، اہلکار، سول ملازمین اور طلبہ حصہ لے سکیں گے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں کم از کم 85 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔فوجی شرکا کو مقابلے میں سرکاری وردی کے ساتھ شرکت کرنا ہوگی اور مقررہ حفظ کے تسلسل کی شرط بھی لازم ہوگی۔
