راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ژوب میں 24 فروری کو ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے بعد، جس میں آٹھ بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے تھے۔
25 فروری کو سکیورٹی فورسز نے ژوب میں ایک جامع علاقائی صفائی آپریشن کیا۔ اس آپریشن کا مقصد بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الخوارج کے چھپے ہوئے دہشتگردوں کو تلاش کرنا تھا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں پر خوارج کی موجودگی کا سراغ لگایا اور ان کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی۔ تصادم کے دوران مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔
ہلاک شدگان سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جن کا تعلق علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں سے تھا۔
سکیورٹی فورسز اب بھی علاقہ میں کسی بھی باقی ماندہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو ختم کرنے کے لیے صفائی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظوری شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن “عزم استحکام” کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
