فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ خلیفہ حفتر کی ملاقات، سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیبین عرب مسلح افواج کے سربراہ کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص متعلقہ خطوں کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پیشہ ورانہ تعاون، باہمی روابط کے فروغ اور پاکستان و لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
قبل ازیں نور خان ایئر بیس آمد پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا گیا۔ معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

