ہالی ووڈ اداکارہ مارگوٹ رابی کی ملکہ نور جہاں سے منسوب ہیرے کا ہار پہن کر فلم کے پریمیئر میں آمد

0

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ مارگوٹ رابی نے لاس اینجلس میں اپنی آنے والی فلم Wuthering Heights کے پریمیئر کے موقع پر شائقین کو حیران کر دیا۔ ریڈ کارپٹ پر جہاں ان کا کاؤچر گاؤن توجہ کا مرکز بنا، وہیں سب سے زیادہ چرچا ایک تاریخی زیور کا رہا،ملکہ نور جہاں سے منسوب تاج محل ہیرے والا ہار۔

13 فروری کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں مارگوٹ رابی، اداکار جیکب ایلورڈی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم معروف ادیبہ ایمیلی برونٹے کے گوتھک رومانوی ناول پر مبنی ہے، جسے یارکشائر کے سرد اور برفیلے مناظر کے پس منظر میں پیش کیا گیا ہے۔

پریمیئر کے لیے مارگوٹ رابی کو اسٹائل کیا اینڈریو موکامل نے، جبکہ انہوں نے شیاپارلی کا کسٹم کاؤچر گاؤن زیب تن کیا۔ اس اسٹرپ لیس گاؤن میں لیس کی ساخت والا باڈی اور اوکس سے سرخ رنگ میں ڈھلتا پتے نما اسکرٹ شامل تھا۔

تاہم اصل توجہ کا مرکز وہ دل نما پینڈنٹ والا ہار تھا، جس میں جَید جڑا ہوا تھا اور یہ سونے، روبی اور ہیرے کی چین سے آویزاں تھا۔ ہار پر فارسی میں “محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے” کندہ ہے، جبکہ نور جہاں کا نام بھی درج ہے۔ تاریخی حوالوں کے مطابق یہ ہار مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی اہلیہ نور جہاں کو محبت کی علامت کے طور پر تحفے میں دیا تھا۔

یہی ہار بعد ازاں مشہور اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو ان کے پانچویں شوہر رچرڈ برٹن نے دیا، جو ہالی ووڈ کی یادگار رومانوی کہانیوں میں شمار ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دل نما ٹیبل کٹ ہیرے کا تعلق پہلے نور جہاں سے رہا، پھر یہ ممتاز محل کو ملا۔ بعد ازاں معروف فرانسیسی لگژری برانڈ کارتیئر نے اسے خرید کر گولڈ اور روبی چین کے ساتھ نئے انداز میں پیش کیا۔

1972 میں کارتیئر کے صدر نے یہ ہار نیویارک میں ٹیلر اور برٹن کو پیش کیا۔ بعد ازاں 2011 میں یہ ہار الزبتھ ٹیلر کی جائیداد کے حصے کے طور پر8.8 ملین ڈالر میں نیلام ہوا، جو بھارتی اور مغلیہ زیورات کی تاریخ میں ایک ریکارڈ قیمت سمجھی جاتی ہے۔

یوں صدیوں پرانی مغلیہ محبت کی نشانی ایک بار پھر جدید ریڈ کارپٹ پر جگمگاتی نظر آئی، اور مارگوٹ رابی کی اس جھلک نے فیشن اور تاریخ،دونوں دنیاؤں کو ایک لمحے میں جوڑ دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.