بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والی فتنہ الہندوستان کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر سمیت 12 مقامات پر منظم دہشتگرد حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 88 سرکردہ دہشتگردوں کے خاتمے پر ارضِ وطن کے محافظوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے آپریشنز کے دوران وطنِ عزیز کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 فرض شناس سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ارضِ وطن کے دفاع میں مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
