میانوالی میں سی ٹی ڈی کا چھاپہ، 6 خطرناک دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
میانوالی: میانوالی میں چاپڑی ڈیم کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 خطرناک دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ 8 دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے چاپڑی ڈیم کے قریب چھاپہ مارا گیا تھا، اسی دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، 3 دستی بم، 3 سب مشین گنز (SMGs)، 200 سے زائد گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
