حکومت کی ساڑھے 3 سال سے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کی کوششیں

0

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے متعلق درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ پیش کردی گئی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حکومت گزشتہ ساڑھے تین سال سے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کے لیے متحرک ہے۔

پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق 21 اگست 2022 کو پہلی مرتبہ ایکس انتظامیہ کو عمران خان کا اکاؤنٹ بند کرنے کے لیے خط لکھا گیا۔ بعد ازاں توشہ خانہ، سائفر اور عدت کیسز میں سزاؤں کا حوالہ دیتے ہوئے 18 اپریل 2024 کو دوبارہ درخواست کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 27 نومبر 2025 کو عمران خان کی 47 ٹوئٹس بلاک کرنے کے لیے بھی ایکس کو خط لکھا گیا، تاہم مجموعی طور پر ساڑھے تین سال میں پی ٹی اے کی جانب سے تین مرتبہ درخواستیں بھیجی گئیں جنہیں ایکس نے مسترد کر دیا۔ البتہ 27 نومبر 2025 کی درخواست میں شامل 47 ٹوئٹس میں سے ایک ٹوئٹ بلاک کی گئی۔

پی ٹی اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں رجسٹریشن اور فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم بیشتر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نہ تو پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں اور نہ ہی انہوں نے کوئی فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔

سوشل میڈیا کمپنیاں عموماً اپنے ممالک کے قوانین کے تحت کام کرتی ہیں اور دیگر ممالک کی شکایات کو بھی اپنی پالیسیز کے مطابق دیکھتی ہیں، جس کے باعث پاکستانی حکام کی جانب سے کی گئی متعدد درخواستوں پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.