امریکہ نے حملہ کیا تو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، ایران کا مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اتحادیوں کو سخت پیغام
تہران: ایران نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس پر حملہ کیا گیا تو مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سینئر ایرانی اہلکار نے بتایا کہ ایران نے خطے میں امریکہ کے اتحادی ممالک کو واضح پیغام دے دیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو ایران پر حملے سے روکیں۔
سینئر ایرانی اہلکار کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیے سمیت خطے کے ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ان ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈے بھی جوابی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی ممالک نے ایران پر امریکی حملے کی مخالفت کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ایران کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، وہ مختلف آرا سنتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ خود کرتے ہیں۔
