وادی تیراہ میں آپریشن کی تیاری، میدان ملک دین خیل سے نقل مکانی آج سے شروع ہوگی

0

پشاور:خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں واقع وادی تیراہ میں مجوزہ سکیورٹی آپریشن کی تیاریوں کے سلسلے میں علاقہ میدان ملک دین خیل سے متاثرہ آبادی کی نقل مکانی کا عمل آج 10 جنوری سے باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے گا، جو 25 جنوری تک جاری رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے پائیندی چینہ میں متاثرین کے لیے خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ تین روز سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق  اب تک 2500 سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 176 خاندانوں کو نادرا سمیت متعلقہ اداروں سے کلیئرنس کے بعد ابتدائی طور پر ڈھائی لاکھ روپے فی خاندان مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ دیگر رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی مرحلہ وار ایڈوانس مالی امداد دی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ڈھائی لاکھ روپے ایڈوانس جبکہ ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی، جس کے تحت متاثرین اپنی مرضی سے رہائش اختیار کر سکیں گے۔

ضلعی حکام نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ آپریشن کے بعد متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل 5 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے میدان کی مجموعی آبادی ایک لاکھ 30 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ آپریشن کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکان کا معاوضہ 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکان کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.