وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب سے ملاقات، انسداد دہشتگردی اور پولیس تعاون میں توسیع پر اتفاق

0

بیجنگ:وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر داخلہ وانگ ژاؤ ہونگ سے ملاقات کی اور دہشتگردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں چینی وزیر داخلہ نے وفد کے ہمراہ ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشتگردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر تین ماہ بعد میٹنگ، اور وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک ملاقات کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔ انسداد دہشتگردی اور داخلی سکیورٹی میں پاکستان کی کوششوں کو چینی وزیر داخلہ نے سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور چینی ہم منصب نے پولیس کی استعداد بڑھانے، تربیتی پروگراموں کا دائرہ وسیع کرنے اور تجربات و معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی تعاون کو مستحکم کرنے اور مستقبل میں مشترکہ حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.