سندھ حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان، قومی دھارے میں شامل ہونے کا آخری موقع بھی دیدیا

0

سکھر: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے اعلان کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں آج سے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کچے میں ایسا آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جس میں خود کو چیمپئن سمجھنے والے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تاہم جو افراد ہتھیار ڈال دیں گے انہیں موقع فراہم کیا جائے گا۔

ضیا الحسن لنجار نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر آپریشن کے لیے فوج کی ضرورت نہیں ہے، سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس کی مدد بھی حاصل کی جائے گی اور ڈاکوؤں کو مکمل طور پر نیست و نابود کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ میں اب کہیں بھی حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے اور حکومت کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق کچے میں موجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.