قائداعظم یونیورسٹی :گرلز ہاسٹل میں گھسنے والا نوجوان گرفتار

0

اسلام آباد : قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں سکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں رات گئے ہاسٹل میں داخل ہونے والے ایک نوجوان کو پکڑ لیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کے بعد طالبات میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔

نامعلوم نوجوان گزشتہ رات تقریباً 2 بجے دیوار پھلانگ کر گرلز ہاسٹل میں داخل ہوا۔ بعد ازاں اسے ہاسٹل کے واش روم میں دیکھا گیا، جس پر طالبات نے شور مچایا۔ ویڈیو میں مذکورہ شخص خود کو راول ڈیم کا رہائشی بتاتے ہوئے کہتا نظر آتا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہاسٹل آیا ہے۔

واقعے کے بعد طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ طالبات کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص تقریباً ایک گھنٹے تک ہاسٹل میں موجود رہا، جس دوران وہ کیا سرگرمیاں کرتا رہا، اس بارے میں انتظامیہ کو وضاحت دینی چاہیے۔ طالبات کے مطابق نوجوان کو واش روم میں گانے گاتا ہوا بھی پایا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ گرلز ہاسٹل نمبر 5 میں نوجوان دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تھا۔ طالبات کے شور پر لیڈی وارڈن اور سکیورٹی اسٹاف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو پکڑ لیا۔

واقعے نے یونیورسٹی کی سکیورٹی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ ہاسٹلز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.